بی ایس پروگرام سے تعلیمی میدان میں انقلاب برپا ہوگا: سیکرٹری کالجز

کوئٹہ (پ ر): سیکرٹری کالجز ،ہائیراینڈ ٹیکنیکل ایجوکیشن نورالحق بلوچ نے کہاہے کہ بی ایس پروگرام سے تعلیم کے میدان میں انقلاب برپا ہوگا اس پروگرام کے حوالے سے کالجز کے اساتذہ کو تربیت کالجز کو کتابیں اور دیگر سہولیات بتدریج فراہم کی جائیں گی۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گورنمنٹ کالج سریاب کوئٹہ کے اچانک دورے کے موقع پر کیا۔ انہوں نے اس موقع پر لائبریری کلاسز خصوصاً بی ایس کلاسز کا معائنہ کیا ۔بعدازاں کالج کے اساتذہ سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ بلوچستان کے غیرترقیافتہ ہونے کی بڑی وجہ تعلیمی پسماندگی ہے ہم تعلیم کے میدان میں دیگر قوموں سے بہت پیچھے ہیں۔

تاہم اگر اساتذہ ذمہ داری اور فرض شناسی کا مظاہرہ کریں تو بلوچستان میں تعلیمی پسماندگی کا خاتمہ ہوسکتا ہے ۔انہوں نے کہاکہ ہمارے اساتذہ پر بہت بڑی ذمہ داری عائد ہوتی ہے ،بلوچستان کا مستقبل ان کے ہاتھ میں ہے ،ہماری توقعات ان سے وابستہ ہیں۔

انہوں نے گورنمنٹ کالج کی نظم ونسق کو سراہتے ہوئے کہاکہ اس کا کریڈٹ پرنسپل اور اساتذہ کو جاتا ہے،جنہوں نے گورنمنٹ کالج کو ایک مثالی ادارہ بنانے کی جانب گامزن کیا ہے ،یقیناً ان کی یہ کوششیں اور محنت راہیگاں نہیں جائیگی۔انہوں نے کہاکہ بائیومیٹرک حاضری سسٹم سے کوئی انقلاب تو برپا نہیں ہوگا ،تاہم اس تعلیمی اداروں میں نظم ونسق کی بہتری میں مدد ملے گی جولوگ مسلسل غیرحاضر رہتے ہیں ان کی نشاندہی ہوگی ،انہوں نے کہاکہ جواساتذہ اپنے فرائض منصبی ایمانداری سے انجام دے رہے ہیں ان کو اس سسٹم سے مسئلہ نہیں ہونا چاہیے ۔

بشکریہ: جنگ کوئٹہ

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *